ڈسکہ ضمنی انتخاب،الیکشن کمیشن کی شفاف انتخابات پر انتظامیہ اور پولیس کی تعریف

Published On 11 April,2021 01:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 75 ڈسکہ کا ضمنی انتخاب شفاف اور پرامن طور پر منعقد کرانے پر الیکشن کمیشن نے انتظامیہ اور پولیس کی تعریف کر دی، الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میں پاک فوج اوررینجرز نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد کے مطابق ضمنی انتخاب شفاف اور انتہائی پُرامن ماحول میں منعقد ہوا، اس سلسلے میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے، خاص طور پر کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے اس سلسلہ میں ذاتی دلچسپی لی اور حلقے میں موجود رہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پُرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ عملے کے کردار کی بھی تعریف کی گئی ہے، ترجمان کے مطابق پولنگ اسٹاف نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے، اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے عملے نے بھی مستعدی سے اس قومی فریضہ کو سر انجام دیا۔ الیکشن کمیشن ان تمام اداروں کے ساتھ اس حلقے کے ووٹرز کا خاص طور سے شکرگزار ہے جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا آزادانہ استعمال کیا۔
 

Advertisement