لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار حکومتی مشینری کو متحرک کرنے کے لئے سرگرم عمل، پنجاب میں ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری معمولات کے علاوہ اب ادارے مخصوص ٹاسک بھی پورے کریں گے۔ عوام کی خدمت کے لئے سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا۔
ڈیپارٹمنٹس کو عوامی ضروریات کے مطابق ٹارگٹس دئیے جائیں گے۔ ہر ہفتے دئیے گئے ٹارگٹس پر براہ راست عوام سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔ سرکاری اداروں کے علاوہ تھرڈ پارٹی فیڈ بیک بھی لیا جائے گا۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سی اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کو عوام کی خدمت اور فلاح وبہبود کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنایا جائے گا کیونکہ حکومت کا کام ہی عوام کی خدمت ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اب عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت خود چل کر ان کی دہلیز تک جائے گی۔ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ کا مقصد ہر جگہ حکومت کی موجودگی ثابت کرنا ہے۔
انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور سربراہان کو عوامی خدمت کے ٹارگٹ پورے کرنا ہوں گے۔ ہم حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کے لئے ڈیلیور نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اضلاع کے خود دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ افسران خدمت کا جذبہ لے کر آگے بڑھیں اور اپنے رب کو بھی راضی کریں۔