لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی کے گیٹ پر دھاوا بول دیا، مشتعل افراد کا پتھراؤ، پولیس اور سکیورٹی گارڈ بے بس ہو گئے۔
مذہبی جماعت کے احتجاج کی وجہ سے مسلسل تیسرے روز لاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہے۔ لاہور میں اہم شاہراہیں بند ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
تاہم فیصل آباد اور راولپنڈی میں راستے کھلنے سے ٹریفک بحال ہو چکی ہے جبکہ کراچی کے بلدیہ ٹاون میں حب ریور روڈ کو بھی عام شہریوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں جنرل ہسپتال کے قریب ایک پولیس اہلکار عوام کی حفاظت پر مامور تھا کہ مذہبی جماعت کے کارکنوں نے اس پر شدید تشدد شروع کر دیا۔ پولیس اہلکار جان بچانے کیلئے بھاگا اور جنرل ہسپتال میں پناہ لے لی۔ ہسپتال کے گیٹ بند ہونے پر مشتعل مظاہرین نے اس پر دھاوا بول دیا ور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔