افغان امن عمل کیلئے معاونت جاری رکھیں گے، شاہ محمود کی افغان ہم منصب کو یقین دہانی

Published On 18 April,2021 12:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغانستان میں دیرپا امن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، خطےمیں مصالحانہ معاونت جاری رکھیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود نے افغان وزیرخارجہ سے ٹیلفونک رابطےمیں یقین دہانی کروا دی۔

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے دبئی میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان امن عمل پر اب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ماہ صیام کے حوالے سے مبارک باد کا تبادلہ بھی ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ہم افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار اور مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں " استنبول پراسس" دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئےوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے استنبول میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کو "استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو کرلیا۔
 

Advertisement