اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا کی صورتحال انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر گئی۔ کورونا مریضوں کیلئے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد 50 فیصد سے کم رہ گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ کیسز میں مسلسل اضافے سے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا کہتے ہوئے خبردار کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا مریضوں کیلئے بیڈزاوروینٹی لیٹرز کی تعداد 50 فیصد سے کم رہ گئی ہے۔ اسلام آباد کے 16 ہسپتالوں میں کل 836 بیڈز اور 119 وینٹی لیٹر مختص ہیں۔
تشویشناک حالت کے کورونا مریضوں کیلئے 51 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ دوسری جانب وفاقی دارا لحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 549 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد 71 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔