عوام سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، سختی کرنا پڑے گی: ڈاکٹر فیصل سلطان

Published On 22 April,2021 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، صورتحال یہی رہی تو سختی کرنا ناگزیر ہوگا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہمسایہ ملک بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کورونا وائرس اتنا بڑھ چکا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ اور آکسیجن کی شدید کمی ہو چکی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چار لاکھ تیس ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ ہمارے یہاں 7 ملین کے قریب ویکسین کی سپلائی کا بھی مسئلہ ہے۔ سپلائی کم ہونے کی وجہ سے بھی زیادہ ویکسین نہیں لگی، مئی اور جون میں زائد ویکسین دستیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ گزشتہ روز کورونا وائرس سے 98 اموات ہوئیں جن میں سے 28 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 857 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔

ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 85 فیصد، لاہور میں 82 فیصد، گوجرانوالہ میں 88 فیصد اور مردان میں 100 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 74 فیصد، گوجرانوالہ میں 85 فیصد، نوشہرہ میں 67 فیصد اور صوابی میں 67 فیصد مریض ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے 57 ہزار 591 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 12 ہزار 881، پنجاب میں 28 ہزار 829، خیبر پختونخوا میں 8 ہزار 7، اسلام آباد میں 5 ہزار 344، بلوچستان میں 1 ہزار 96، گلگت بلتستان میں 348، آزاد کشمیر 1 ہزار 86 ٹیسٹ شامل ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 76 ہزار 605 ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کووڈ 19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ 19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 559 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 84 ہزار 935 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 78 ہزار 238 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 16 ہزار 26، بلوچستان میں 21 ہزار 242، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 215، اسلام آباد میں 71 ہزار 533، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 9 ہزار 704، پنجاب میں 2 لاکھ 79 ہزار 437 اور سندھ میں 2 لاکھ 75 ہزار 81 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ 19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 698 ہے جن میں سے سندھ میں 4 ہزار 562 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔

پنجاب میں 7 ہزار 718 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 47 مریض ہسپتالوں میں اور 7 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 990 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 37 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ اسلام آباد میں کل 649 اموات، بلوچستان میں 226 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔

گلگت بلتستان میں 104 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 449 اموات گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ 19 کے 1 کروڑ 13 لاکھ 77 ہزار 423 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ 19 کے علاج کیلئے مختص 633 ہسپتالوں میں 5 ہزار 450 مریض زیر علاج ہیں۔