اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا سے متاثرہ شہروں میں لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس کا حتمی فیصلہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
اجلاس میں لاک ڈاؤن کے دوران تجویز کردہ پابندیوں میں بازاروں اور مالز کی بندش جبکہ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی مکمل بندش کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
این سی او سی نے کیمبرج امتحانات کے انعقاد کے طریقہ کار پر بھی نظر ثانی کی اور کہا کہ امتحانات وزارت تعلیم کے فیصلے کے مطابق منعقد کئے جا رہے ہیں، ایک امتحانی مرکز میں پچاس سے زیادہ امیدوار نہ بٹھائے جائیں۔ وزارت تعلیم کیمرج امتحانات منعقد کرواتے ہوئے تمام تر حفاظتی تدابیر کے عملدرامد کو یقینی بنائے۔
اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ چالیس سے پچاس سال والے افراد کی رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع ہو جائے گا جبکہ ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے واک ان سہولت کی فراہمی جاری رہے گی۔
این سی او سی نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے سبب مستقل دباؤ کا شکار صنعتی شعبے کو امدادی پیکج دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت کامرس کو اپنی تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت دیں۔
اجلاس میں وزارت کامرس، انڈسٹری اور وزارت صحت کی مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ مشترکہ ٹیم ملک میں آکسیجن کی مستقل فراہمی یقینی بنائے رکھنے پر غور کرے گی۔