سیاست، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کرنیکی ضرورت ہے: سراج الحق

Published On 28 April,2021 09:54 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرنے کے ضرورت ہے۔

پشاور میں الخدمت کورونا کئیر ہسپتال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس ہسپتال کے قیام سے ایل ار ایچ، کے ٹی ایچ اور ایچ ایم سی پر بوجھ کم ہو جائے گا۔ پشاور کے ہسپتالوں سے مریضوں کو واپس کیا جا رہا ہے، چودہ مہینوں میں حکومت نے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے۔

سراج الحق نے کہا کہ بیرون ملک سے جو امداد ملی تھی وہ صرف 13 فیصد مریضوں اور 87 فیصد انتظامات پر خرچ ہوئی ہے۔ حکومت کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت نہیں کہ وزیراعظم اور وزرا اپوزیشن پر الزامات لگائیں۔ ہمیں سیاست، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاط کریں۔ حکومت کو لاک ڈاؤن سے پہلے خوراک اور دیگر ضروریات پوری کرنی چاہیں۔