لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت سخت لاک ڈاؤن جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اس کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس بات کا اعلان ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ لاہور میں شام 6 بجے سے سحری تک سخت لاک ڈاؤن نافذ العمل ہے، جس کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے اپیل ہے کہ انتہائی ضرورت کے علاوہ گھروں میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی شہری موجودہ لہر کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے ذمہ دار شہری کی حیثیت سے حکومتی ایس او پیز پر عمل کرکے اپنا کردار ادا کریں۔
To control spread of COVID-19
— Deputy Commissioner Lahore (@DCLahore) April 28, 2021
Complete ban is imposed after 6 pm to Sehar on ALL ACTIVITIES
Only exception:
Petrol Pumps, Pharmacies and Vaccination Centers
Lockdown will remain effective till May 17, 2021. pic.twitter.com/mY0PdQQutj
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متاثرشہروں میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی،پنجاب حکومت کافیصلہ
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے جن شہروں میں کورونا وائرس پھیلنے کی شرح زیادہ ہے، وہاں مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
اس بات کی اطلاع معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ آٹھ فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں پابندیاں مزید سخت کی جائینگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران بڑے شہروں میں ہسپتالوں کو کورونا کیلئے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ آکسیجن سپلائی بلا تعطل برقرار رکھنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے جائیں گے۔ آکسیجن سلنڈرز کی ذخیرہ اندوزی یا اورچارجنگ پر قانونی کارروائی ہوگی جبکہ بازاروں اور مارکیٹس کی بندش کے اوقات پر موثر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ عوام کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شام 6 بجے تا سحری میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، ویکسینیشن سینٹرز اور دیگر ضروری سروسز کے سوا تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت اور افواج پاکستان عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔