علمائے کرام ایس اور پیز پر موثر عملدرآمد کیلئے ساتھ دیں، پیر نورالحق قادری

Published On 29 April,2021 05:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علمائے کرام کورونا وبا کی تیسری لہر سے بچاؤ اور ایس اور پیز پر موثر عملدرآمد کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔

یہ بات وفاقی انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں 21 رمضان المبارک کو یوم شہادتِ حضرت علیؓ کی تقریبات کی حوالے سے شیعہ علمائے کرام کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں اسلام آباد سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، وزارتِ داخلہ، این سی او سی اور مذہبی امور کے شعبہ تحقیق و مراجع کے نمائندے شریک شریک ہوئے جبکہ لاہور ، کراچی اور کوئٹہ کے صوبائی محکمہ اوقاف کے دفاتر سے دیگر حکام اور شیعہ علماء کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وفاقی وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ کرونا کی موذی وبا ء نے تمام انسانی طبقات اور شعبہ ہائے زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے وبا سے بچاو اور پھیلاو کو کم کرنے کیلئے گذشتہ سال علماء کی مشاورت سے مساجد و امام بارگاہوں اور مذہبی اجتماعات کیلئے جامع احتیاطی تدابیر مرتب کیں جنہیں دیگر ممالک میں بھی پزیرائی ملی۔ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی طبقات نے کرونا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر پر دیگر شعبوں سے بڑھ پر عمل کیا۔ اب کورون وائرس کی وبا کی اس تیسری لہر سے نجات کیلئے بھی تمام طبقات کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سعودی عرب نے تراویح کی رکعات اورنمازیوں کی تعداد کو محدود کر دیا۔ نجف اشرف ، عراق میں مزارِمولا علی ؓپر حاضری کے ایام اور زائرین کی تعداد کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں حضرت ِ علیؓ کی یوم شہادت کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

علماء کرام اس موذی وبا سے بچاؤ اور ایس اور پیز پر موثر عمل درآمد کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔ حاصل ہونے والی تجاویز اور آراء کو وزیر اعظم عمران خان اور دیگر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا۔
 

Advertisement