تحفتاً دی گئی ویکسین پر انحصار کا تاثر گمراہ کن ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

Published On 29 April,2021 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ یہ تاثر گمراہ کن ہے کہ پاکستان محض تحفتاً دی گئی ویکسین پر انحصار کر رہا ہے۔

 سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی اردو کے مطابق انھوں نے کہا کہ پاکستان ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں خرید چکا ہے جبکہ مزید 3 کروڑ خوراکوں کی خریداری کے لیے 3 کمپنیوں سے معاہدوں پر دستخط بھی کر چکا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ طلب اور رسد میں فرق کے باعث محض پاکستان نہیں، پوری دنیا میں ویکسینیشن کا عمل سست ہے۔

ادھر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی دو خصوصی پروازیں بیجنگ سے کورونا سے بچائو کی ویکسین لے کر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پہلی پرواز صبح 30۔7 بجے بیجنگ سے اسلام آباد پہنچی ہے جبکہ دوسری پرواز دوپہر 12 بجے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ تیسری پرواز رات 12 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

خصوصی پروازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر چلائی جارہی ہیں، تینوں پروازوں کے ذریعے ویکسین کی مجموعی طور پر دس لاکھ خوراکیں پاکستان لائی جائیں گی۔
 

Advertisement