حسن، شاہین کے وار، زمبابوے 176 پر ڈھیر، پاکستان نے بھی103 رنز بنا لیے

Published On 29 April,2021 05:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی کی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت زمبابوے کی ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فاسٹ باؤلرز نے 4.4 شکار کیے۔ جبکہ قومی ٹیم نے پہلے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنا لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیریز کے افتتاحی مقابلے میں میزبان زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دونوں اوپنرز نے ذمہ داری دکھاتے ہوئے دفاعی انداز اپنایا لیکن قومی بولرز نے برتری اور تجربہ کاری کی دھاک بٹھانا شروع کر دی، زمبابوین ٹیم کو صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، کاسوزا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

 اس کے بعد زمبابوے کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں۔ پرنس میسوارے 11، تریسائی مساکنڈا 14، برینڈن ٹیلر 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں شمبا 27، کایا 48، چاکبوا 19، چیسورو 9، مزرابانی 14، نگراوا 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس طرح زمبابوے کی ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ شاہین آفریدی اور حسن علی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، نعمان نے ایک شکار کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ:
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز عابد علی اور عمران بٹ نے کیا، دونوں نے ابتداء میں محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور سکور کو آگے بڑھایا۔

دونوں اوپنرز نے میزبان ٹیم کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں طرف شارٹس کھیلے، عابد علی نے 83 گیندوں پر ٹیسٹ میچز کی دوسری نصف سنچری بنائی۔

کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنا لیے ہیں، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 سکور کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کاسکواڈ:
عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، بابر اعظم (کپتان)، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، حسن علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی

زمبابوے کا سکواڈ:
پرنس میسوارے، کیون کاسوزا، تریسائی مساکنڈا، برینڈن ٹیلر (کپتان)، ملٹن شمبا، رائے کایا، ریجس چاکبوا، ڈونلڈ تریپانو، ٹینڈائی چیسورو، بلیسنگ مزرابانی، رچرڈ نگراوا

 

Advertisement