کراچی: (دنیا نیوز) ریٹرننگ افسر نے این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امجد آفریدی اور مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
کراچی کے این اے 249 ضمنی الیکشن میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ افسر سجاد خٹک نے مسترد کر دی۔ پی ٹی آئی کے امجد آفریدی نے 21 پولنگ سٹیشنز کے نتائج پر اعتراض کیا تھا۔
امجد آفریدی نے 2 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی دھاندلی شکایت کرتے ہوئے تحقیقات کی بھی درخواست کی تھی۔ ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی اور انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے درخواست مسترد کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔ ریٹرننگ افسر سجاد خٹک نے ناکافی شواہد کی بنا پر درخواست مسترد کی۔ مفتاح اسماعیل نے تحریری درخواست میں پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی اور خامیوں کا ذکر کیا تھا۔ مفتاح اسماعیل نے پورے حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔