اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر میں اضافے کے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا تمام بین الا قوامی ائیرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ آج رات بارہ بجے سے آغاز ہوگا۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں تعینات کر دی گئیں۔
نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی۔ ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ رپورٹ 20 منٹ میں ملے گی۔ رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچ پر قرنطینہ کرنا ہوگا۔ مسافر کو اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں ہوٹل منتقل کیا جائے گا۔ مسافر کا 8 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا، منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔
کراچی ایئر پورٹ پر محکمہ صحت سندھ کی 48 افراد پر مشتمل ٹیمیں چار شفٹوں میں کام کر یں گی۔ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا جو تاحال ادا نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عملے میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ کیٹگری سی میں شامل 23 ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔ کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پر سفری پابندیاں 5 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی۔