بلوچستان حکومت نے عیدالفطر پر 6 چھٹیوں کا اعلان کر دیا

Published On 05 May,2021 07:31 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی صوبائی حکومت نے عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق 10 مئی سے 15 مئی تک صوبے بھر میں عید کی چھٹیاں ہونگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارش اور وزیراعظم کی اجازت کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے عید کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق عیدالفطر کیلئے 10 مئی سے 15 مئی تک چھٹیاں ہونگی۔ خیال رہے کہ این سی او سی کی جانب سے عیدالفطر کی ایس او پیز پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے عیدالفطر کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز میں ہدایات دی گئی ہیں کہ تعطیلات پر دوسرے شہروں کو جانے والے افراد کیلئے اضافی ٹرینیں سات مئی تک چلائی جائیں گی، آٹھ مئی سے شاپنگ مالز بھی بند کر دئیے جائیں گے۔

عید کے موقع پربین الصوبائی، انٹراور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ چاند رات بازاروں پر بھی پابندی ہوگی۔ 10 سے 15 مئی تک عید تعطیلات کا مقصد ملکی سطح پر نقل وحمل کو محدود کرنا ہے۔

اس کے علاوہ نجی گاڑیوں، رکشوں، ٹیکسیوں کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ سفر کی اجازت ہو گی۔ 8 سے 16 مئی تک گھر رہو محفوظ رہو کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یکم مئی سے ہوگا۔

چاند رات پر مہندی، جیولری اور کپڑوں کے سٹالز پر پابندی ہوگی۔ تقریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ ‘گھر رہو، محفوظ رہو‘ کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹیں، دکانیں اور کاروبار بند رہیں گے۔

تاہم ضروری خدمات جن میں گروسری سٹورز، میڈیکل سٹورز، ویکسی نیشن سینٹرز،سبزیوں، فروٹس کی دکانیں، گوشت کی دکانیں، بیکریاں، پٹرول پمپس، ٹیک اوے اور ای کامرس (ہوم ڈلیوری) کے ساتھ یوٹیلیٹی سروسز جس میں بجلی، نیچرل گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس، ٹیلی کام، کال سینٹرز اور میڈیا ہاؤسز شامل ہیں، کھلے رہیں گے۔

این سی اوسی نے لوکل اور آؤٹ سائیڈرز کے لیے تمام تفریحی مقامات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس لیے تمام سیاحتی مقامات، پکنک مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز، تمام ہوٹل اور ریسٹورنٹس جو تقریحی مقامات کے قریب ہیں بند رہیں گے۔

سیاحتی مقامات کی جانب جانیوالے راستوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مری، گلیات، سوات، کالام، سی ویو، ساحل، شمالی علاقہ جات اور دیگر سیاحتی مقامات پر فوکس رکھا گیا ہے۔

خاص طور پر گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے مقامی افراد کو گھرواپس جانے کیلئے سفر کی اجازت ہوگی۔

7 مئی تک مسافروں کو لے جانے کیلئے اضافی ٹرینوں میں 70 فیصد مسافر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے سفر کر سکیں گے۔

این سی او سی نے کہا ہے کہ عوام کو گھروں پر ہی محدود رکھنے کیلئے میڈیا فلمیں، ڈرامے اور انٹرٹینمنٹ شوز پر مبنی خصوصی عید ٹرانسمیشن چلائے۔ اس کے علاوہ عید کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
 

Advertisement