وزیر خارجہ کا انڈونیشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، اہم معاملات پر گفتگو

Published On 06 May,2021 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کی ہم منصب ریٹینو مارسودی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف او آئی سی پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں ذمہ دارانہ آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتا ہے۔ اسلاموفوبیا کے حالیہ رونما ہونے والے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں تسلسل کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر اس معاملے کو اجاگر کر رہا ہوں۔ وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر "اسلاموفوبیا کے حوالے سے، پاکستان کی جانب سے پیش کردہ" قرارداد کی بھرپور حمایت پر انڈونیشین وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے قرارداد کی روشنی میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن قرار دلوانے کیلئے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پرامن بقائے باہمی، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تہذیبوں کے مابین مباحثے کا انعقاد کیا جائے۔

انڈونیشین وزیر خارجہ رتنو مرسودی نے بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی سنجیدہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں انڈونیشیا کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
 

Advertisement