وزیراعظم سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی کی ملاقات

Published On 06 May,2021 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبرام قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں فلاحی، ترقیاتی اور سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بدولت ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

ممبران نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل بالخصوص سڑکوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سمیت دیگر بڑے ترقياتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

ممبران نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے عوام کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے ویزن پر عملدرآمد ممکن بنارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ممبران کو اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سفارشات کی تر جیحی بنیادوں پر حتمی منظوری دینے کے لئے وہ جلد ہی اجلاس کی صدارت کریں گے۔