وزیراعظم کےاعزاز میں بیت اللہ کا دروازہ کھول دیا گیا،عمرہ کی سعادت حاصل کرلی

Published On 09 May,2021 05:11 pm

مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے، ان کے اعزاز میں طواف سے پہلے بیت اللہ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے تھے۔

بیت اللہ کے دروازے کھول کر وزیراعظم عمران خان کو زیارتِ خاص کروائی گئی۔ خیال رہے کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

اس سے قبل وزیرِاعظم عمران خان نے ہفتہ کو اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول صلی اللّہ علیہ وسلم پر حاضری دی۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی یکجہتی، کورونا وبا سے نجات کے لئے خصوصی دعا کی۔

وزیرِاعظم نے وفد سمیت مسجدِ نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) میں افطار بھی کیا اور نمازِ مغرب ادا کی۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان ، معاونِ خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل اور وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
 

Advertisement