اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر گئے ہوئے ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آج وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ آمد کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔
وزیراعظم عمران خان اپنے اور آپ سب کے محبوب محمد ﷺ کے روضہ پر حاضری اور افطار کی برکتیں سمیٹتے ہوئے۔ آئیں مل کر درود شریف پڑھیں pic.twitter.com/HImaIqhLqI
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) May 8, 2021
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے اور آپ سب کے محبوب محمد ﷺ کے روضہ پر حاضری اور افطار کی برکتیں سمیٹتے ہوئے۔ آئیں مل کر درود شریف پڑھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان روضہ رسول ؐ پر حاضری دینے کے لیے مدینہ منورہ پہنچے تو خاتون اوّل بھی ہمراہ تھیں، مدینہ منورہ میں ان کا استقبال گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلیمان بن عبد العزیز نے کیا۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کی شب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قصر السلام جدہ کے ایوان شاہی میں مذاکرات کیے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے موضوع پر بات چیت کی۔ سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سعودی ولی عہد اورعمران خان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سزایافتگان کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ، انسداد جرائم کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔
ان دونوں معاہدوں پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے۔ انسداد منشیات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر مملکت کی جانب سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے ہیں۔
توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، پانی اور مواصلات کے شعبوں میں منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر سیاحت و سربراہ سعودی ترقیاتی فنڈ احمد الخطیب اور پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے۔
یاد رہے کہ عمران خان سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جمعے کو جدہ پہنچے تھے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور متعدد عہدیدار بھی خیر مقدم کے لیے موجود تھے۔
مذاکرات میں سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی شریک ہوئے-
وزیراعظم پاکستان کی معاونت کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وزیراعظم کے معاون خاص برائے ماحولیات امین اسلم اور مملکت میں متعین پاکستان کے سفیر بلال اکبر بھی شریک ہوئے۔