اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے اسلام آباد میں فلسطینی سفیر سے ملاقات کر کے انہیں مکمل حمایت اور یکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔ نیئر بخاری نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد، ظلم اور بربریت پر عالمی برادری کی خاموشی قابل تشویش ہے۔فلسطینیوں پر فوری تشدد کو روکا جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے فلسطینی سفیر سے ملاقات کی اور پارٹی کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نیئر حسین بخاری نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو متحرک ہونا چاہئے، فلسطینیوں پر جاری ظلم پر عالمی برادری کی خاموشی قابل تشویش ہے۔
نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ فلسطینیوں پر فوری تشدد کو روکا جائے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ میں فلسطین کا مسئلہ اجاگرکیا،پیپلزپارٹی آج بھی ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطین کا معاملہ اٹھائے گی۔
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سفارتی رابطوں کے ذریعے معاملے پر اجاگر کرتی رہے گی،پیپلزپارٹی فلسطین میں اسرائیل کے جاری ظلم کا معاملہ پارلیمان میں اٹھائے گی۔