اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ گورنر ہاؤس کراچی میں نماز عید ادا کی، وزیرخارجہ شاہ محمود ملتان، شیخ رشید اسلام آباد، بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو، شہباز شریف لاہور اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔
اسلام آباد میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، فیصل مسجد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نماز عید ادا کی، سینیٹر فیصل جاوید اور سینیٹر محسن عزیز نے بھی فیصل مسجد میں ادا کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گورنر ہاؤس میں نماز عید الفطر ادا کی، وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا ہے عید الفطر اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی روایات کی اہم علامت ہے، انہوں نے کہا کہ عید پر کورونا وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے اس لیے شہری عید انتہائی سادگی سے منائیں۔
لاہور میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نماز عید ادا کی، بادشاہی مسجد میں نماز عید رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے پڑھائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کی نماز بارش کے باعث وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں ادا کی، عثمان بزدار نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا اورغزہ میں اسرائیلی بمباری اورمیزائل حملوں کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعا مانگی، انہوں نے کہا بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حضرت بہاوالدین زکریا کے مزار کے احاطے میں نماز عید ادا کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے منسٹرز انکلیو میں عید کی نماز پڑھی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو، شہباز شریف ماڈٖل ٹاون لاہور جبکہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منصورہ مسجد لاہور میں نماز عید ادا کی۔