ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات، وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں

Published On 13 May,2021 08:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، فرزندان توحید نے نماز عید کی ادائیگی کیلئے جوق در جوق مساجد و امام بارگاہوں کا رخ کیا، حکومت کی طرف سے کورونا سے بچاو کی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات ہوئے جن میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

 لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد اور اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ہوا۔ کراچی میں نماز عید کے اجتماع کا آغاز گرومندد پر واقع سبیل والی مسجد سے ہوا جہاں مولانہ طیب کشمیری نے امامت کی۔ ناظم آباد عید گاہ گراونڈ میں مفتی تقی عثمانی اور نشتر پارک میں مولانا تنویر الحق تھانوی نے نماز عید کی امامت کی۔ اس موقع پر لاکھوں فرزندان اسلام بارگاہ الہی میں سربسجود ہوئے۔ اجتماعات کے دوران شہریوں کو جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی جاتی رہی جبکہ نمازیوں نے بھی ماسک پہن کر نماز میں شرکت کی۔ شہر میں عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اس موقع پر تعینات رہی۔

کوئٹہ میں سو سے زائد مقامات پر نمازعید ادا کی گئی، گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے گورنر ہاوس میں نماز عید پڑھی جس میں کورنا ایس اوپیز کا خیال رکھا گیا، اکثر وزرا اور اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے آبائی علاقوں نماز عید ادا کی، عیدگاہوں اور مساجد پر نماز عید کے موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

عید کے اجتماعات میں عالمی وبا کورونا سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

 

Advertisement