شہریوں نے نماز عید کے بعد قبرستانوں کا رخ کر لیا، پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی

Published On 13 May,2021 12:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر اس دنیا کو چھوڑ جانے والے اپنوں کی یاد بہت ستاتی ہے، اسلام آباد کے شہریوں نے نماز عید کے بعد قبرستانوں کا رخ کیا اور پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔

عید کی خوشی کا حقیقی مزہ تو اپنوں کے ساتھ سے ہے، اپنے نہ ہوں تو ہر تہوار پھیکا پھیکا لگتا ہے، اسی لیے عید کے دن اس دنیا کو چھوڑ جانے والے پیاروں کی یاد شدت سے آتی ہے۔

نماز عید ادا کرنے کے بعد اسلام آباد کے شہریوں نے بڑی تعداد میں اپنے والدین اور پیاروں کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور قبروں کی صفائی کی۔ اس دار فانی سے کوچ کرنے والوں کے ایصال ثواب کے لیے قرآن پاک کی تلاوت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

مصروفیات نے انسان کو کئی فرائض سے غافل کر دیا لیکن دعائے مغفرت کے لیے قبرستان آنے کا سلسلہ آج بھی برقرار ہے۔
 

Advertisement