پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے مخالف ہیں، اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی عید یتیم اور بے سہارا بچوں کے نام کر دی۔
وزیراعلیٰ محمود خان پشاور میں سہارا بچوں کے مرکز زمونگ کور پہنچے اور بچوں سے ملے اور عیدی سمیت تحائف تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عید ان بے سہارا بچوں کے نام کرتا ہوں، یہ ریاست کے اور ہم سب کے بچے ہیں، ان کا بھر پور خیال رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پوری امت مسلمہ اور قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک میں پہلی دفعہ ایک ہی دن عید الفطر قوم کے لئےخوشی کی بات ہے۔
وزیراعلیٰ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فلسطینیوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی، محمود خان نے شہریوں سے ایپل کی کہ شہری عید کے موقع پرکورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں، صاحب ثروت لوگ عید پر نادار و کمزور لوگوں کا خاص خیال رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے بے سہارا بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی، وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر سماجی بہبود آبادی ہشام انعام اور معاون خصوصی کامران بنگش سمیت دیگر بھی موجود تھے۔