لاہور: (دنیا نیوز) سیاحوں کی لاپرواہی نے مارگلہ نیشنل پارک کا حسن گہنا دیا۔ ہر سو کچرے اور گندگی کے سبب انتظامیہ نے تنگ آکر مارگلہ نیشنل پارک ایکٹ میں ترمیم کا بل تیار کرلیا۔ داخلے پرفیس ادا کرنا ہو گی، گندگی پھیلانے پر سزا اور جرمانہ ہو گا۔
قدرتی حسن سے مالا مال مارگلہ کے پہاڑ سیاحوں کی لاپرواہی سے متاثر، انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے مارگلہ نیشنل پارک ایکٹ میں ترمیم کا بل تیار کر لیا۔ مارگلہ کے دامن میں روزانہ سیکڑوں سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں، کھانے پینے کی چیزیں ساتھ لاتے ہیں لیکن جاتے وقت کچہرا یہیں چھوڑ جاتے ہیں۔ عوام کے رویئے کو دیکھتے ہوئے جنگلی حيات کے تحفظ کيلئے مارگلہ نیشنل پارک ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ مارگلہ میں داخلے پرفیس ادا کرنا ہو گی۔
مارگلہ میں گارڈز اور پولیس بھی تعینات گئی ہے۔ وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ اب سختی سے نمٹے گی۔
واضح رہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں بون فائر، باربی کیو، درختوں کی کٹائی اور کچرا پھینکنا جرم ہے، خلاف ورزی پر ایک ماہ قید اور بھاری جرمانہ ہو سکتا ہے۔