نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
تفصیل کے مطابق تیونس کے وزیر خارجہ عثمان ال جارندی فلسطین کے حوالے سے سفارتی مشن پر روانہ وزرائے خارجہ کے قافلے میں چامل ہو گئے ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو، فلسطین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی نے تیونس کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
چاروں وزرائے خارجہ ہوائی جہاز کی ری فیولنگ کے بعد نیویارک روانہ ہوئے۔ دوران پرواز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تیونس کے وزیر خارجہ کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کی۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین فلسطین کی صورتحال اور قیام امن کیلئے جاری کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسجد اقصٰی کی بے حرمتی پر پوری مسلم امہ حالت اضطراب میں ہے۔ رمضان المبارک میں عبادت میں مشغول نمازیوں کو جس بربریت کا نشانہ بنایا گیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ نہتے فلسطینیوں پر جدید ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی فوج کی یلغار انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں سے نہتے فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں کی شہادتوں پر ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غمزدہ ہے۔ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری سے فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کا فلسطینیوں پر جاری جبرو استبداد کے خاتمے اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔