اسلام آباد: (دنیا نیوز) تعلیم کے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پیشہ ورانہ امتحانات منعقد کرانے کی اجازت دی ہے۔
آج ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کے سیکرٹری کو احتیاطی تدابیر مدنظر رکھتے ہوئے امتحانی مراکز اور طلبہ کی تعداد سے متعلق تفصیلات دینی چاہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر تمام انتظامات تسلی بخش ہیں تو ایسے امتحانات کیلئے فوری اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ فیصد سے کم کورونا شرح والے اضلاع میں سکول کھولنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پانچ فیصد سے کم کورونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا تھا، ان اضلاع میں تمام سکول 24 مئی کو کھل جائیں گے۔
این سی او سی کا یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہوا جس میں صحت کے معاون خصوصی، سندھ کے وزیر صحت اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں 150 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی تقریبات کی بھی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سیاحت کا شعبہ بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی، تاہم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
این سی او سی نے چوبیس مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس بھی کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ ریسٹورنٹس رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ٹیک آوے کی اجازت چوبیس گھنٹے ہو گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزارات، سینما ہالز، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جم اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جوگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔
ان ڈور اور آؤٹ ڈور ثقافتی، میوزیکل، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابند ی رہے گی جبکہ بین الصوبائی سرکاری ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ ٹرانسپورٹ بائیس مئی سے ہفتہ میں دو دن بند ہوگی۔
یکم جون سے ہسپتالوں میں پہلے سے طے آپریشنز کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ گدانی اور مصری شاہ انڈسٹری بھی جمعرات سے کھل جائے گی۔ ایس او پیز کے حوالے سے دوبارہ جائزہ اجلاس 27 مئی اور 7 جون کو ہوگا۔