مافیا بلیک میل کرنا چاہتا ہے اگر این آر او نہ دیا تو حکومت گرا دیں گے، وزیراعظم

Published On 20 May,2021 06:46 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مقصد طاقتور کو قانون کو نیچے لانا اور غربت کم کرنا ہے لیکن مافیا انھیں بلیک میل کرنا چاہتا ہے کہ اگر این آر او نہ دیا تو حکومت کو گرا دیں گے۔

وزیراعظم نے یہ بات نوکنڈی، ماشخیل شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان دیگر صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ نوکنڈی اور ماشکیل پر گزشتہ 70 سال سے توجہ نہیں دی گئی لیکن ہم پسماندہ علاقوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ شاہراہ کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو بہت خراب معاشی حالات ملے، اگر قرضوں کی قسطیں ادا نہ کرتے تو ڈیفالٹ کر جاتے۔ پہلاسال معیشت کو سنبھالنے میں گزرا تو دوسرے سال کورونا آ گیا۔ ہم نے ملک کی معیشت اور عوام کو کورونا سے بچایا۔

عمران خان نے کہا کہ مخالفین کو اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے۔ مافیا کو خوف ہے کہ حکومت کامیاب نہ ہو جائے لیکن انشاء اللہ حکومت 5 سال مکمل کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں قانون کی بالا دستی تھی۔ وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا جہاں قانون کی بالا دستی نہ ہو۔ جب قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوتے تو جنگل کا قانون ہوتا ہے۔
 

Advertisement