شہباز کا بلیک لسٹ سےنام نکلوانےسےمتعلق درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ

Published On 22 May,2021 04:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے بلیک لسٹ سے نام نکلوانے سے متعلق تمام درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام حکومت کی طرف سے ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا جس کیخلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

تاہم لیگی صدر نےبلیک لسٹ سےنام نکلوانےسےمتعلق تمام درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، فیصلے پر عملدرآمدکی درخواست واپس لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

شہباز کی جانب سے درخواست اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ جسٹس علی باقر نجفی 24 مئی کو شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں وفاقی حکومت نے شامل کر دیا، نام ای سی ایل میں شامل ہونے کےباعث درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے 26مئی کے لیے عمل درآمد کیس میں نوٹسز جاری کررکھے ہیں۔ عمل درآمد سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، عدالت درخواست واپس کرے۔