لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان معاشی نظام اپنے دوستوں کو نفع پہنچانے کے لئے چلارہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا کہ ہم نے شرح ترقی %5.8 پر چھوڑی اور عمران آج محض %3.9 شرح ترقی کا دعوی کر رہے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے نمائندے نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے پہلے سال میں اصل %1.9 کے عدد کو بڑھا چڑھاکر %3.3 دکھایاتھا۔ اس سال بھی انہوں نے جھوٹ بولا۔ اندازہ لگائیں۔
لیگی صدر نے کہا کہ 5 فروری کے بعد ہر ہفتے میں قیمتوں کا حساس اعشاریے %13 اضافہ دکھارہا ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں %17 اضافہ ہوا۔ اتنی بلند مہنگائی کی شرح جہاں صرف خوراک کی قیمتوں میں%14 سے زائد اضافہ ہوا، مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے۔عمران ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لئے چلا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور 2کروڑ کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے۔ عمران معاشی نظام اپنے دوستوں کو نفع پہنچانے کے لئے چلارہے ہیں۔ کامیاب معیشت میں مہنگائی کم، روزگار میں اضافہ ہوتا ہے،حکومت سکول، ہسپتال اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بناتی ہے۔ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے۔