’شہباز کا عدالت میں درخواست سے دستبردار ہونا ملک سے فرار ہونے کی تصدیق ہے‘

Published On 22 May,2021 07:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ک صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست سے دستبردار ہونا ملک سے فرار ہونے کی تصدیق ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزاد اکبر نے لکھا کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنے سے متعلق شہباز شریف کے قانونی دلائل کمزور تھے۔ شہباز شریف پاکستان سے فرار کے لیے کوششیں کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سے دستبردار ہونے ملک سے فرار ہونے کی تصدیق ہے، لیگی صدر کو قانونی معاونت فراہم کرنے پیش کش اب بھی موجود ہے۔


دوسری طرف مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جن کی اپنی کوئی سیاسی اور قانونی حیثیت نہیں، وہ دوسروں کو قانون پر مشورہ نہ ہی دیں تو بہتر ہوگا، شہزاد اکبر کے بنائے اور لگائے الزامات میں سے ایک روپیہ سرکاری خزانے میں اب تک واپس نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے اور سیاسی انتقامی کارروائیوں پر آنے والے سرکاری خرچ کی تفصیل عوام کے سامنے لائیں، یہ تفصیل عوام کے سامنے آئی تو پھر قانونی معاونت کی جلد ضرورت عمران صاحب اور شہزاد اکبر کو ہو گی، عید والے دن دفتر کھول کر توہین عدالت کرنے والے بہانے بناکراورسیاسی بیانات دے کربھاگنے کی کوشش نہ کریں۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کی اپنی اور ان کے عہدے کی سپریم کورٹ کے مطابق کوئی قانونی حیثیت نہیں، اپنے مشورے اور قانونی معاونت اپنے پاس ہی رکھیں، الزمات لگانے والے، عدالتوں سے بھاگ جانے والے قانونی معاونت اپنے پاس رکھیں، قانونی مشورے کی ضرورت انہیں ہے جن کی شہباز شریف کو ای سی ایل پہ ڈالنے کی اپیل لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ مسترد کرچکی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ قانونی مشورے اور معاونت کی ان کو ضرورت ہے جو پی آئی ڈی میں کاغذ لہراتے ہیں لیکن عدالت کے ثبوت مانگنے پر بھاگ جاتے ہیں، قانونی مشورے اور معاونت کی ان کو ضرورت ہے جو سپریم کورٹ میں شہبازشریف کے کیس میں بھاگ گئے تھے۔