کسی جماعت کو اختیار نہیں کہ ایک پارٹی کو نکالے یا شامل کرے، شہباز شریف

Published On 28 May,2021 10:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی جماعت کو اختیار نہیں کہ ایک پارٹی کو نکالے یا شامل کرے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے متعلق فیصلہ ہفتے کو پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس ہوگا جس میں ملکی صورتحال اور بجٹ پر تبادلہ خیال ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔ میری کوئی ذاتی رائے نہیں، مسلم لیگ (ن) کی رائے ہے۔ میری دعوت کا پی ڈی ایم سے تعلق نہیں تھا۔ ہم نے پارلیمانی لیڈرز کو بلایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت کو مل کر بے نقاب کرنا ہے۔ ویکسین کے آتے ہی حکومت نے کیا اقدامات کیے؟ کرپشن نہ ہوتی تو ویکسی نیشن کے معاملات بہتر ہوتے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت ملک کی قیادت نااہل لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔ حکومت قومی اداروں کو تباہ کر رہی ہے۔ ہم پر زبردستی قوانین لاگو نہ کئے جائیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو سلیکٹ کرکے قوم ہر مسلط کیا گیا۔ بند کمروں کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے، اب سب کو ملک کے مستقبل کیلئے سوچنا ہوگا۔ ایک پارٹی کو 8 جماعتوں کے سامنے سرنڈر ہونا چاہیے۔
 

Advertisement