پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: شاہ محمود

Published On 29 May,2021 06:18 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انکے عراقی ہم منصب فواد حسین کے مابین ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے دورہ عراق کی دعوت اور پرخلوص میزبانی پر عراقی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی بنیاد یکساں تاریخی، مذہبی، اور تہذیبی اقدار ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ ہم نے جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی اقتصادی ترجیحات میں بدل دیا ہے، پاکستان اور عراق کے مابین، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان 22 کروڑآبادی کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی مشاورت کیلئے، پاکستان اور عراق کے مابین مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے جلد انعقاد کے متمنی ہیں،یہ بات قابلِ مسرت ہے کہ اب تک 63 عراقی سفارتکار، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے سفارتی امور کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن کاوشوں کا شراکت دار ہے -دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے عراقی ہم منصب کو فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پائمالیوں کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔فلسطینیوں پر ڈھائے گئے مظالم کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کیلئے ہیومن رائٹس کونسل کے خصوصی اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے مسئلہ فلسطین جبکہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو ناگزیر قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان نے کرونا وبا کے دوران عراقی بھائیوں کی معاونت کیلئے طبی سامان پر مشتمل کے تین جہاز بھجوائے۔

عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کرونا وبا کے دوران امدادی سامان کی فراہمی پر وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
 

Advertisement