اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے پیش کردہ معاشی اعدادوشمار ناقابل اعتبار اور قوم سے صریح دھوکہ ہیں۔ معیشت کی بربادی کے بعد معاشی غلط بیانی قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اہم اجلاس پارٹی صدر میاں شہباز شریف کے زیر صدارت ہوا۔ ورچوئل طریقے سے ہونے والے اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مشاہد حسین سید، محمد زبیر، خرم دستیگر خان، مریم اورنگزیب، قیصر احمد شیخ، عائشہ غوث پاشا، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، شزا خواجہ، علی پرویز اور بلال اظہر کیانی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے حکومت کے معاشی اعدادوشمار کو دھوکہ اور ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو آگاہ کرنا ضروری ہے کہ کس طرح معاشی تباہی ملک پر مسلط کی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے 3 جون کو پری بجٹ سیمینار کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ اکنامک ایڈوائزری کونسل موجودہ حالات میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے تجاویز پیش کرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم کو سچائی بیان کرنی ہے تاکہ تاریخ میں گواہی رہے اور کل کوئی بہانہ نہ بنا سکے۔ ہماری اولین کوشش ہے کہ عوام دشمن بجٹ کسی قیمت پر منظور نہ ہونے دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج تک قوم کو جو بھی بتایا، وہ سچ ثابت ہوا۔ سابق وزرا خزانہ نے اجلاس کو ملک کے معاشی حقائق کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں بجٹ کے موقع پر عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے سفارشات پر بھی غور ہوا۔