کراچی میں سٹریٹ کرائم کے بڑھتے واقعات، اپوزیشن ارکان کی جانب سے تشویش کا اظہار

Published On 31 May,2021 08:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی اجلاس میں صوبے میں امن وامان اور کراچی میں سٹریٹ کرائم کے بڑھتے واقعات پر اپوزیشن ارکان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایم ایم اے کے رکن عبدالرشید کا کہنا تھا کہ لیاری میں ایک مرتبہ پھر گینگسٹر متحرک ہو گئے ہیں جس کے باعث منشیات بھی سرعام فروخت ہو رہی ہے۔ تاہم صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے حالات کافی بہتر ہیں۔

تفصیل کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر کھل کر بات کی گئی۔ ایم ایم اے کے رکن سید عبدالرشید نے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شہری اپنی گاڑیوں اور موبائل سے محروم ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے لیاری میں تو چوراہوں پر منشیات فروخت ہو رہی ہے لیکن پولیس دہرا معیار اپنائے ہوئے ہے، ان کی جانب سے پرانے جرائم پیشہ افراد کو چھوڑا جا رہا ہے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منشیات پورے معاشرے کو خراب کرتی ہے، جب بھی یہ معاملہ نوٹس میں آتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، ایس ایس پیز کو امن وامان ہدایت جاری کر دی ہیں۔

ایم کیو ایم کی رعنا رکن اسمبلی انصار نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کورونا تیزی پھیلا رہا ہے، حکومت نے اس حوالے سے کتنا بجٹ خرچ کیا ہے؟

پارلیمانی سیکرٹری قاسم سومرو نے جواب دیا کہ وفاق سے ابھی تک 3لاکھ 53 ہزار سے زائد ڈوز مل چکی ہیں اور ہم نے صوبے بھر میں تین ہزار سے زائد ویکسی نشن سینٹر قائم کیے ہیں۔

ایوان میں تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے شہر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا جبکہ سپیکر اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن اسمبلی محمد ہالیپوتو سے رکنیت حلف لیا، اجلاس منگل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
 

Advertisement