سندھ میں پانی کی تقسیم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتیں متحد

Published On 28 May,2021 09:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں پانی کی تقسیم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی میں شکوہ کیا کہ صوبے کے پانی پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان بھی یک زبان ہو گئے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پانی کی فراہمی میں کمی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ بچپن سے سن رہے ہیں کہ ڈیم بنیں گے تو پانی ملے گا۔ 1991ء کے معاہدے کی مخالفت کی مگر اس میں طے کیا گیا حصہ بھی پورا نہیں مل رہا۔ سندھ کا مقدمہ اراکین کے سامنے رکھ رہا ہوں۔

اجلاس میں پی ٹی آئی رکن خرم شیر زمان نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 20 اپریل کو بلدیہ ٹاؤن میں 8 سالہ بچے کو کتے نے کاٹا، ویکسی نیشن کے باوجود وہ مر گیا۔

وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا کہ ویکسی نیشن کے باوجود بچے کی موت پر معلومات حاصل کریں گی تاہم کتوں کو مارنے کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے صحافیوں کے تحفظ سے متعلق بل اور ماجد برگڑی انسٹیٹوٹ کے قیام کا بل ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ سپیکر نے اجلاس 31 مئی تک لئے ملتوی کردیا۔
 

Advertisement