سندھ حکومت کا آج سے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز

Published On 21 May,2021 09:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے آج سے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسی نیشن سینٹر ہفتہ بھر 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ ہر 18 سالہ پاکستانی جو شناختی کارڈ، تعلیمی ویزا اور کام کرنے کا اجازت نامہ رکھتا ہو، ویکسین کے لیے اہل ہوگا۔

محکمہ صحت سندھ نے اپنے ملازمیں کے علاوہ نجی سطح پر کام کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور دیگر خدمات سرانجام دینے والے افراد کو جلد از جلد ویکسین لگوانے کی ہدایت کر دی۔

 دوسری جانب کورونا وائرس سے 102 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 89 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 461 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 32 ہزار، سندھ میں 3 لاکھ 4 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 561، بلوچستان میں 24 ہزار 318، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 454، اسلام آباد میں 80 ہزار 10 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 547 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 26 لاکھ 54 ہزار 997 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 528 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 10 ہزار 143 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 424 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 102 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 89 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 704، سندھ میں 4 ہزار 869، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 875، اسلام آباد میں 741، بلوچستان میں 270، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 523 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement