پنجاب میں طوفان اور بارشوں سے تباہی، حادثات 11 افراد کی جان لے گئے

Published On 31 May,2021 09:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب میں طوفان اور بارشوں سے تباہی مچ گئی، مختلف علاقوں میں حادثات سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے، اوکاڑہ میں آٹھ، حویلی لکھا میں 2 جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں شدید آندھی کے باعث گھر کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بستی طارق آباد میں پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے کو ہٹانے کا کام شروع کیا۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ اس افسوسناک حادثے کی وجہ سے پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے۔

حویلی لکھا کی نواحی بستی مولیا چشتی میں شدید آندھی اور طوفانی بارش کی وجہ سے دیوار گر گئی جس سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ مرحوم کا نام ناصر بتایا جا رہا ہے جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ اور چک نمبر 482 ج ب کا رہاٸشی تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ شخص کھیت میں پانی لگا رہا تھا کہ اس پر آسمانی بجلی گر گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آندھی اور بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ریسکیو 1122 اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

دوسری جانب لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام کو بارش سے بھی ریلیف نہ ملا، شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔

گوجرانوالہ میں بھی بارش اور آندھی کے باعث شہر میں بجلی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی جبکہ سیالکوٹ اور گردونواح میں بھی آندھی کے باعث بجلی بند چلی گئی۔

اسلام آباد بھی بارش کے بعد درجہ حرات میں کمی سے موسم خوشگوار ہوا لیکن شدید طوفان کے باعث دو مختلف جگہوں پر گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات 48 جی ڈی اور 88 سکس آر میں پیش آئے۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement