اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو بدترین داخلی صورتحال کی وجہ سے بھر پور دبائو کا سامنا ہے۔ مودی حکومت کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنا پڑے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث، دنیا پاکستان کو مسائل کے حل کا حصہ سمجھتی ہے۔ ہیومن رائٹس کونسل میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کمیشن کی قرارداد کی منظوری اہم کامیابی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پچھلی چار دہائیوں میں کوئی وزیر خارجہ اس سے قبل عراق کے دورے پر نہیں گیا۔ عراق او آئی سی کا اہم ملک اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے اس کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے “سیز فائر” کی صورت میں ابتدائی کامیابی ملی۔ او آئی سی کی جانب سے پاکستان نے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل میں قرارداد پیش کی۔ عراقی ہم منصب کو مسئلہ کشمیر سے متعلق بھی آگاہ کیا، انھیں بتایا کہ ہم خطے میں امن سے رہنا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یو اے ای کیساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں۔ مستقبل میں یو اے ای سے مزید مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی بھی یو اے ای کے ولی عہد سے بات چیت ہوئی ہے۔