اسلام آباد: (دنیا نیوز) میڈیا تنظیموں کے نمائندگان نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو مسترد کر دیا ہے۔ مشترکہ اجلاس میں آرڈیننس کے خلاف مل کر مزاحمت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا تنظیموں کے نمائندگان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں پی بی اے، اے پی این ایس اور دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ مجوذہ آرڈیننس کا مقصد میڈیا کی آزادی کو کنٹرول کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرڈیننس سے میڈیا پر وفاقی حکومت کا کنٹرول مضبوط ہوگا۔ مجوزہ آرڈیننس ایوب خان کے پریس اینڈ پبلی کیشنز آرڈیننس کی توسیع ہے۔ آزاد اور جمہوری معاشرے میں ایسے آرڈیننس کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
مشترکہ اجلاس میں آرڈیننس کے خلاف مشترکہ مزاحمت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور اے ای ایم ای ڈی پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔