اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی ہے، نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لئے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کر دی گئی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ اور چین کے سفیر نے پاکستان چین دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور چینی شہریوں کے لئے ویزا سہولیات سی پیک منصوبوں اور پاک چین دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پرتبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق نئی ویزا پالیسی منظور کی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لئے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کر دی گئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کو اب متعلقہ مشنز سے 48 گھنٹے کے اند اندر دو سال کا ورک ویزا جاری کرینگے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے لئے سی پیک کے تحت الگ ویزا کیٹیگری بنا دی ہے۔ چینی شہروں کی سہولت کیلئے ایئرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے چینی شہریوں کے لئے ویزا میں سہولیات پر حکومت کے بہت مشکور ہیں۔ویزا سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت آئیگی ،سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا ویکسینیشن مہیا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا،
نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کنٹرول کرنے کے لئے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں۔ پاکستان میں پھنسے چینی یونیورسٹی کے طالب علموں کی واپسی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ پاکستانی طلبہ کے قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ چینی سفیر کی یقین دہانی کروائی کہ پاکستانی طلبہ کی جلد سے جلد چین واپسی کے لئے پوری کوشش کرینگے۔