وزیر داخلہ اور کویتی ہم منصب کے درمیان سیکیورٹی کے حوالے سے مذاکرات

Published On 31 May,2021 08:22 pm

کویت سٹی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی اپنے کویتی ہم منصب شیخ تھامیر السلم الصباح سے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور سیکیورٹی کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔

دونوں ممالک نے تعلقات کے فروغ کے لئے بین الوزارتی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی شہریوں کے لئے کویتی ویزا بحال کرنے پر اپنے ہم منصب سے شکریے کا اظہار کیا۔ کویتی وزیر داخلہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط مزید بڑھنے چاہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے کویتی ویزا کی بحالی ایک دیرینہ مسئلہ تھا۔ تاہم اب اس کی بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئیگی جبکہ پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دس سال سے جدائی کا شکار خاندان کے افراد آپس میں مل سکیں گے۔ پاکستانی مزدور بہت محنتی اور خوددار ہے، کویت کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
 

Advertisement