راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دور حاضر کی جنگ میں ائیر پاور عسکری قوت کا ایک موثر عنصر بن چکی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد سے وابستہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور فوائد کے حصول کیلئے ائیر پاور کی واضح تفہیم انتہائی ضروری ہے۔
علاقائی جغرافیائی سیاسی حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور اپنے آپریشنل منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سرگرم عمل ہے جس میں موجودہ صلاحیتوں میں بہتری اور درجہ بندی کے ساتھ ساتھ نئی جہتوں کا حصول بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہت اہمیت دیتی ہے اور پاکستان کی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہم تمام لوگ جنہوں نے یونیفارم زیب تن کیا ہے، ان کا ہر وقت عملی طور پر تیار رہنا اس ملک اور اس کے شہریوں کے دفاع کیلئے ہمارا اولین فریضہ ہے۔