بھارت کے اندرجوہری مواد کی ممکنہ بلیک مارکیٹ پر سخت تشویش ہے:دفتر خارجہ

Published On 04 June,2021 08:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے بھارت کے اندر جوہری مواد کی ممکنہ بلیک مارکیٹ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات اور ان کی روک تھام کے اقدامات پر زور دیتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی قوانین جوہری مواد کوغلط ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کے متقاضی ہیں۔ یہ واقعات بھارت میں جوہری مواد کے لیے غیر قانونی مارکیٹ کا اشارہ دیتے ہیں۔

بھارت میں یورینیم کی سمگلنگ کے معاملے پر ذرائع ابلاغ کے استفسار پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں 6 کلوگرام یورینیم کی غیر قانونی فروخت کے ایک اور واقعہ کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ ریاست مہاراشٹر میں بھی گزشتہ ماہ 7 کلوگرام یورینیم کی فروخت کی کوشش کی گئی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اور رپورٹس سخت تشویش کا باعث ہیں۔ سلامتی کونسل کی قرارداد اور جوہری کنونشن جوہری مواد کے غلط استعمال کو روکتے ہیں۔ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہری مواد کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ اس بات کا سراغ لگانا بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ یورینیم کی فروخت کے پیچھے مقاصد کیا تھے؟
 

Advertisement