لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی نے گھوٹکی ٹرین حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو ریلوے، ایف جی آئی آر، ڈی جی آپریشنز وزارت ریلوے کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے نثار احمد میمن سیفٹی مئیرز کے حوالے سے اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دیں۔ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے حادثے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ وزارت ریلوے میں پیش کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہدایت چیف ایگزیکٹو ریلوے نثار احمد میمن سکھر ڈویژن میں ٹریک کے متاثرہ حصوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
حبیب الرحمن گیلانی کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آپریشنز وزارت ریلوے جاں بحق مسافروں کے لواحقین اور زخمیوں کو امدادی رقوم کی فوری منتقلی کو یقینی بنائیں، اس کے علاوہ سکھر ڈویژن کے تمام خستہ حال ٹریک کی مانیٹرنگ کرکے اس کی مینٹیننس کا کام جلد از جلد شروع کروایا جائے۔