میکسیکو میں میٹرو ٹرین کا ٹریک گر گیا، کم از کم 15 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Published On 04 May,2021 04:45 pm

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) شمالی امریکا کے اہم ملک میکسیکو میں میٹرو ٹرین کا ٹریک گرنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹریک ٹوٹنے سے ٹرین کی بوگیاں زمین پر گر گئیں۔ اس حادثے میں کئی مسافر موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ کئی بری طرح پھنس گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا۔

ڈوئچے ویلے میں چھپنے والی خبر میں عینی شاہدین کا حوالیہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جس مقام پر ٹرین کے ڈبے گرے اس کے نیچے گاڑیاں بھی کھڑہ ہوئی تھیں، جو ملبے کے نیچے دب گئیں۔

میکسیکو سٹی کے میئر کلوڈیا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم انسانی جانوں کو بچانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں زخمیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس ہولناک حادثے کی ویڈیوز کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب میٹرو ریل شہر کے جنوبی علاقے اولیواس سے ٹیزنوکو جا رہی تھی۔

یہ حادثہ شہر کی میٹرو لائن نمبر 12 پر پیش آیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹیڈ پریس کے مطابق اس میٹرو لائن کی تعمیر کے دوران کئی بار اس میں بے ضابطگیوں کی شکایتیں ملی تھیں۔ شہر میں جو بارہ نئی میٹرو لائنیں تعمیر کی گئی ہیں ان کا آغاز اسی برس ہوا ہے اور تعمیر ہونے والی یہ سب سے آخری لائن تھی۔

ملک کے وزیر خارجہ مارسیلو ابرارڈ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، آج جو حادثہ میٹرو لائن پر پیش آیا وہ ایک خوفناک المیہ ہے۔ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ میں یک جہتی کا اظہار کرتا ہوں۔   انہوں نے اس واقعے کی تفتیش کرنے اور ذمہ داری کے تعین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکنہ مدد کے لیے تیار ہیں۔
 

Advertisement