اسلام آباد/ انقرہ: (دنیا نیوز) پاکستان کے دیرینہ دوست اور برادر ممالک چین اور ترکی نے گھوٹکی ٹرین حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولود جاویش اوغلو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں ٹرین حادثے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ دعا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کو اللہ تعالیٰ اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
مولود جاویش اوغلو نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔ برادر ملک پاکستان کی حکومت اور عوام سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔
We were deeply saddened to learn of the accident in Ghotki. I want to extend my sincere condolences to the families of the victims and my good wishes for a full and speedy recovery to the wounded.
— Nong Rong (@AmbNong) June 7, 2021
پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری اپنے بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ گھوٹکی میں ٹرین حادثے کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔
چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے اس حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری نیک تمنائیں ہیں کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد جلد از جلد صحتیاب ہوں۔