اپوزیشن ضد اور انا چھوڑ کر انتخابی اصلاحات پر بات کرے: گورنر پنجاب

Published On 08 June,2021 12:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو چاہیے ضد اور انا چھوڑ کر انتخابی اصلاحات پر بات کرے، وزیراعظم عمران خان ملک کو آگے اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے۔

گور نر پنجاب چودھری سرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی۔ جس میں حکومتی، سیاسی اور پار لیمانی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ گورنر اور سپیکر نے اپوزیشن کو احتجاجی جلسوں کی بجائے پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔

اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر بھی سیاسی مخالفین میں نہ مانوں کی سیاست کر رہے ہیں، ہم آئندہ ایسے انتخابات چاہتے ہیں جن پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھائے، عوام نے ہمیں پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے، الیکشن 2023 میں ہی ہونگے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہا ہے، معاشی میدان میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں، ہم سب کو ملکر پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔
 

Advertisement