اسلام آباد: (دنیا نیوز)مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں، سب کا وہی مؤقف ہے جو نوازشریف کا ہے۔ عمران خان کے آلہ کار بننے والوں کو بھگتنا پڑے گا۔
مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتں ایک پیج پر ہیں،پیپلز پارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں رہی، اس پر کوئی بات نہیں ہونی چاہئے۔ چیئرمین نیب تو عمران خان ہیں ایک کو ہٹا دیں ایک کو لگا دیں، اگر کوئی ان کا آلہ کاربنا ہے جس طرح چیئرمین نیب ہیں تو یہ ان کو بھگتنا پڑے گا۔ بشیر میمن کا بیان موجود ہے کہ اداروں کو کس طرح سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا سے پتہ چل رہا ہے کہ حکومت امریکا کو فضائی اڈے دے چکی ہے، خفیہ مذاکرات کے ذریعے ایسا نہیں کیا جاسکتا، حکومت نے اس کی تردید بھی جاری نہیں کی۔ امریکہ کو پاکستانی اڈے دینے کی مخالفت کروں گی۔