شہباز شریف کو روکنا ظاہر کرتا ہے جعلی حکومت کس قدر خوفزدہ ہے: مریم نواز

Published On 08 May,2021 04:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کر کے شہباز شریف کو ایئرپورٹ پر روکا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت نے ڈھٹائی سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کر کے شہباز شریف کو ایئرپورٹ پر روکا گیا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جعلی حکومت شہباز شریف سے کس قدر خوفزدہ ہے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ایف آئی اے توہین عدالت کر رہی ہے، سسٹم اپ ڈیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر شہباز شریف کو روکے جانا بدنیتی ہے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ایف آئی اے حکام نے روکا، ایف آئی اے حکام نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ایک اور لسٹ میں ہے، ایف آئی اے عمران خان کے حکم پر توہین عدالت کر رہی ہے،چھوٹی حرکتوں سے شہباز شریف کو فرق نہیں پڑے گا، وکلاء سے مشاورت جاری ہے، عدالت جائیں گے۔

دوسری جانب لیگی رہنما عطااللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلفی بخاری کا نام ڈیڑھ گھنٹے میں ای سی ایل سے نکل سکتا ہے، شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کا پل شہزاد اکبر ہیں، یہ سلیکٹڈ حکمران کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہیں۔
 

Advertisement